Saturday - 2018 Oct. 20
Languages
دوستوں کو بھیجیں
News ID : 192086
Published : 15/2/2018 15:38

خوشبوئے حیات

قارئین کرام! یوں تو عالم اسلام میں آئمہ معصومین(ع) کی سیرت پر متعدد کتب تحریر ہوئیں اور اس موضوع پر خامہ فرسائی کرنے والوں میں شیعوں کے ساتھ ساتھ علماء اہل سنت کی بھی ایک بڑی تعداد نظر آتی ہے لیکن یہ کتاب:«خوشبوئے حیات» اہل بیت(ع) کی سیرت کا ایسا مجموعہ ہے جسے آج کے زمانے کے تقاضوں کے پیش نظر نہایت سادہ اسلوب اور سلیس زبان میں تحریر کیا گیا ہے تاکہ عام مسلمان بھی لسانی پیچیدگیوں کے بغیر اس کتاب کو پڑھ کر معصوم ہادیان برحق کی زندگی سے قدرے آشنا ہوسکیں۔

ولایت پورٹل: اللہ رب العزت نے اپنے پسندیدہ دین کو اپنے تمام بندوں تک پہنچانے کے لئے اپنے منتخب بندوں، نبیوں، رسولوں اور رہنماؤں کا ایک طویل سلسلہ جاری کیاجو ابو البشر حضرت آدم (ع)سے فخر بشرحضرت خاتم(ص)تک انبیاء و رسل کا سلسلہ نبوت و رسالت رہا ،اس کے بعد مالک کائنات نے ولایت و امامت کا قیامت تک کا چلنے والا سلسلہ قائم کیا جو بحمد للہ آج بھی حضرت محمد مصطفی(ص) کے نائب برحق حضرت حجت(عج) کے دم سے قائم ہے اور تا قیام قیامت جاری و ساری رہے گا۔
حدیث ثقلین کی رو سے اہل بیت نبوت(ع) قرآن مجید کے ہم پلہ ہیں، وہ قرآن صامت ہے تو یہ قرآن ناطق ہیں، قرآن نور کا پیکر ہے تو اہل بیت قرآن کا جوہر ہیں، قرآن کلام اللہ ہے تو اہل بیت(ع) لسان اللہ ہیں، قرآن کی آیات بینات شفا بخش ہیں تو اہل بیت(ع) کے کلمات طیبات سراسر شفا ہیں، قرآن مداح ہے تو اہل بیت(ع) ممدوح ہیں، قرآن ہدًی للمتقین ہے تو اہل بیت(ع) ائمۂ متقین ہیں، قرآن لوح محفوظ سے آیا ہے تو اہل بیت(ع) لوح محفوظ کا مطالعہ کرنے والے ہیں۔
اہل بیت(ع) نبی(ص) کی آن بان ہیں، نبی(ص) کی عز و شان ہیں، نبی(ص) کی روح و جان ہیں، اہل بیت(ع) قلزم وحدانیت کا سفینہ ہیں، میزان عدالت کا قرینہ ہیں، تاج نبوت کا نگینہ ہیں، مملکت امامت کا مدینہ ہیں، میدان قیامت میں شفیع یگانہ ہیں، اہل بیت(ع)کا قول نبی(ص)کا قول، ان کی گفتار نبی(ص) کی گفتار، ان کی رفتار نبی(ص)کی رفتار، ان کا خون نبی(ص) کا خون،ان کی جنگ نبی(ص) کی جنگ،ان کی صلح نبی(ص) کی صلح، ان کی ولایت نبی(ص) کی ولایت، ان کی رضایت نبی(ص) کی رضایت، ان کی عداوت نبی(ص) کی عداوت، ان کی محبت نبی(ص) کی محبت اور ان کی ناراضگی نبی(ص) کی ناراضگی ہے۔
نبی اعظم(ص) کے لائے ہوئے دین حنیف کو کفر و شرک کی آندھیوں سے محفوظ رکھنے والے ،نفاق و شقاق کے مہلک مرض سے نجات دلانے والے اور بدعت وضلالت کے تھپیڑوں سے بچانے والے آنحضرت(ص) کے یہی جانشین صادق و نائبین برحق ہیں ۔اگر ان صاحبان عصمت و طہارت کی جانفشانیاں اور لازوال قربانیاں نہ ہوتیں تو دین حق دم توڑ دیتا ہے۔
لہٰذا تمام مسلمانوں پر لازم و واجب ہے کہ ان ذوات مقدسہ کو اپنا امام مانیں، ان کی محبت و مودت کو اپنے لئے فرض قرار دیں نیز ان کے فرمودات و ارشادات اور احکامات و ہدایات پر عمل پیرا ہوں کیوں کہ ان کی سنت و سیرت بالکل رسول اکرم(ص)کی سنت و سیرت ہے جس کی خوشبو سے مشام ایمان معطر ہوتا ہے اور جس کی نورانیت سے قلب ایقان منور رہتا ہے۔
قارئین کرام! یوں تو عالم اسلام میں آئمہ معصومین(ع) کی سیرت پر متعدد کتب تحریر ہوئیں اور اس موضوع پر خامہ فرسائی کرنے والوں میں شیعوں کے ساتھ ساتھ علماء اہل سنت کی بھی ایک بڑی تعداد نظر آتی ہے لیکن یہ کتاب:«خوشبوئے حیات» اہل بیت(ع) کی سیرت کا ایسا مجموعہ ہے جسے  آج کے زمانے کے تقاضوں کے پیش نظر نہایت سادہ اسلوب اور سلیس زبان میں تحریر کیا گیا ہے تاکہ عام مسلمان بھی لسانی پیچیدگیوں کے بغیر اس کتاب کو پڑھ کر معصوم ہادیان برحق کی زندگی سے قدرے آشنا ہوسکیں۔
یہ کتاب فاضل نبیل، عالم جلیل حجۃ الاسلام آقای باقر شریف قرشی دام ظلہ کی عربی کتاب:«نفحات من سیرۃ اهل بیت علیهم السلام» کا اردو ترجمہ ہے جو حجۃ الاسلام مولانا سید ضرغام حیدر نقوی دام عزہ کی جانفشانیوں کا ثمرہ ہے۔
اس کتاب کو ہندوستان میں پہلی مرتبہ ولایت فاؤنڈیشن  دہلی نے شائع کرکے مؤمنین تک پہونچایا ہے۔

 



آپکی رائے



میرا تبصرہ ظاہر نہ کریں
تصویر امنیتی :
Saturday - 2018 Oct. 20