Friday - 2018 Nov 16
Languages
دوستوں کو بھیجیں
News ID : 193516
Published : 30/4/2018 18:54

آیت اللہ قاضی اور انسان بننے کا آسان سبق

ہوا میں اڑنا اور پانی پر چلنا کوئی کمال نہیں ہے بلکہ کمال یہ ہے کہ آپ لوگوں کے درمیان رہیں اور اخلاقی اقدار کو پامال نہ ہونے دیں ۔۔۔۔ پس آپ جھوٹ نہ بولیں،کسی کو دھوکہ نہ دیں،کسی کی غیبت نہ کریں،کبھی اس شخص کے ساتھ خیانت نہ کریں جس نے آپ پر اعتماد کرتے ہوئے آپ کو امین بنایا ہے،آپ کسی کا دل نہ دکھائے۔یعنی آپ حقیقی معنٰی میں انسان بن جائیں یہی سب سے بڑا معجزہ ہے۔

ولایت پورٹل: قارئین کرام! آپ اکثر سنتے رہتے ہیں کہ فلاں صاحب ڈاکٹر ہیں فلاں انجینئرہیں،فلاں ماسٹر، فلاں تاجر، فلاں پروفیسر، فلاں مولانا ہیں۔ اس بھیڑ میں یہ عناوین تو ہمیں کثرت سے نظر آتے ہیں لیکن انسانیت اور آدمیت کہیں دکھائی نہیں دیتی۔
اللہ تعالٰی نے کسی انجینئر کو کسی ڈاکٹر کو یا کسی وکیل کو اپنا خلیفہ نہیں بنایا بلکہ آدمی اور حضرت انسان کو اپنی مملکت کی خلافت عطا فرمائی ہے اور واقعاً یہ مرحلہ بہت سخت ہے چنانچہ عرفاء کی زبان پر یہ مصرعہ کثرت کے ساتھ جاری رہتا ہے:
آدم شدن چه مشکل؟!
اگر اس پر غور و فکر کیا جائے تو واقعاً یہ سب عناوین،ڈاکٹر انجینئر،وکیل،تاجر،مولانا وغیرہ اخذ کرلینا بہت آسان ہیں لیکن انسان اور آدمی بننا بہت مشکل ہے لہذا کسی عالم دین سے نقل ہوا ہے کہ ایک مرتبہ ان سے دریافت کیا گیا کہ حضرت! یہ بتائیے دنیا میں سب سے خوش قسمت عورت کون ہے؟
انہوں نے فرمایا: حضرت حوا!
چونکہ ان کے شوہر آدم تھے۔
اسی طرح اپنے زمانہ کے نامور عارف جنہوں نے اپنی پوری زندگی سیر سلوک میں گذاردی حضرت آیت اللہ سید قاضی طباطبائی(رح) کے پاس ایک شخص آیا اور عرض کیا: قبلہ! کیا آپ جانتے ہیں کہ فلاں صاحب ہوا میں اڑ سکتے ہیں؟
فرمایا:یہ تو کوئی بڑی بات نہیں، یہ کام تو مکھی اور مچھر بھی آسانی سے کرلیتے ہیں۔
اس نے دوسرا سوال کیا: آپ اس شخص کے بارے میں کیا کہیں گے کہ جو پانی پر راستہ چل سکتا ہو؟
فرمایا:یہ بھی کوئی اہم کام نہیں ہے چونکہ یہ کام تو لکڑی کا بے جان ٹکڑا بھی کرلیتا ہے جب اسے پانی کی سطح پر چھوڑ دیا جاتا ہے تو وہ آسانی کے ساتھ موجوں کی لہروں کے سہارے آگے بڑھ جاتا ہے۔
تو معلوم کیا گیا: سرکار! یہ بتائیے کہ انسان ایسا کون سا کام کرے جو آپ کی نظر میں اس کا معجزہ شمار ہو؟
فرمایا: ہوا میں اڑنا اور پانی پر چلنا کوئی کمال نہیں ہے بلکہ کمال یہ ہے کہ آپ لوگوں کے درمیان رہیں اور اخلاقی اقدار کو پامال نہ ہونے دیں ۔۔۔۔ پس آپ جھوٹ نہ بولیں،کسی کو دھوکہ نہ دیں،کسی کی غیبت نہ کریں،کبھی اس شخص کے ساتھ خیانت نہ کریں جس نے آپ پر اعتماد کرتے ہوئے آپ کو امین بنایا ہے،آپ کسی کا دل نہ دکھائے۔یعنی آپ حقیقی معنٰی میں انسان بن جائیں یہی سب سے بڑا معجزہ ہے۔



آپکی رائے



میرا تبصرہ ظاہر نہ کریں
تصویر امنیتی :
Friday - 2018 Nov 16