Saturday - 2018 August 18
Languages
دوستوں کو بھیجیں
News ID : 79596
Published : 28/7/2015 19:34

تہران اور انقرہ کے درمیان تعاون کی ضرورت

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر اسحاق جہاںگیری نے دہشت گردی سے مقابلے کے لئے تہران اور انقرہ کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے-

اطلاعات کے مطابق تہران میں ترکی کے سفیر رضا ہاکان تکین نے پیر کے روز نائب صدر اسحاق جہانگیری سے ملاقات کی- اس ملاقات میں اسحاق جہانگیری نے علاقے میں دہشت گردوں کے وحشیانہ اقدامات اور شام اور عراق میں بے گناہ مسلمانوں کے بے رحمانہ قتل عام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے جنوبی ترکی میں داعش گروہ کے حالیہ اقدام کی مذمت کی- ان کا کہنا تھا کہ تہران اور انقرہ دہشت گردی سے مقابلے اور علاقے میں امن کی بحالی کے سلسلے میں مفید اور مؤثر تعاون کر سکتے ہیں- اسحاق جہانگیری نے کہا کہ ایران اور ترکی کے دوستانہ اور تاریخی تعلقات دونوں ملکوں کے درمیان اچھی ہمسائگی اور مشترکہ تاریخی و ثقافتی اقدار کی بنیاد پر برقرار ہوئے ہیں- اس ملاقات میں ترکی کے سفیر نے اس بات کا ذکر کیا کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے معاہدے سے ایران ایک بار پھر بین الاقوامی سطح پر اپنا اصل مقام حاصل کر لے گا- ان کا کہنا تھا کہ ترکی نے ایران کے ایٹمی معاملے کے پرامن حل کا ہمیشہ دفاع کیا ہے اور مذکورہ معاہدے سے تہران اور انقرہ کے تعلقات میں ایک نیا باب کھل سکتا ہے- تہران میں ترکی کے سفیر ہاکان تکین نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ترکی علاقے میں داعش اور دیگر دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں کا ہمیشہ مخالف رہا ہے، کہا کہ ایران اور ترکی علاقے کے دو موثر ممالک ہیں اور یہ دونوں ممالک دہشت گردی سے مقابلے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں-


آپکی رائے



میرا تبصرہ ظاہر نہ کریں
تصویر امنیتی :
Saturday - 2018 August 18