Wed - 2018 Oct. 24
Languages
دوستوں کو بھیجیں
News ID : 84859
Published : 8/10/2015 19:25

اوباما نے قندوز اسپتال پر حملے کی معافی مانگی

امریکی صدر باراک اوباما نے افغانستان کے شہر قندوز کے اسپتال پر ہونے والے فضائی حملے پر معافی مانگی ہے-

تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ترجمان جاش ارنسٹ نے کہا ہے کہ صدر باراک اوباما نے قندوز کے اسپتال پر امریکی فضائی حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹروں کی عالمی فلاحی تنظیم ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز سے معافی مانگ لی ہے اور کہا ہے کہ کوشش کی جائے گی کہ آئندہ اس طرح کے واقعات رونما نہ ہوں ۔

امریکی صدر نے ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے سربراہ جواین لیو کو فون کیا اور ان سے فضائی بمباری میں اسپتال کے عملے اور مریضوں کی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی جامع اور شفاف تحقیقات کا یقین دلایا۔ صدر اوباما کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر ایسی اصلاحات کا بھی نفاذ کیا جائے گا جس سے آئندہ اس قسم کے واقعات سے بچا جاسکے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق باراک اوباما نے افغان ہم منصب اشرف غنی کو بھی فون کیا اور ان سے قندوز واقعے میں معصوم افراد کی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے افغانستان کے شمالی شہر قندوز کے ایک اسپتال میں امریکی طیاروں نے آدھے گھنٹے تک بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں اسپتال کے طبی عملے کے بارہ ارکان سمیت بائیس افراد جاں بحق ہوگئے تھے جن میں تین بچے بھی شامل تھے۔
واقعے کے بعد ایم ایس ایف نے اپنے عملے کو واپس بلاتے ہوئے آزدانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

قندوز میں اسپتال پر کی جانی والی امریکی بمباری کو اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کے مندوب نے المناک، ناقابل معافی اور ممکنہ طور پر مجرمانہ فعل قرار دیا تھا۔


آپکی رائے



میرا تبصرہ ظاہر نہ کریں
تصویر امنیتی :
Wed - 2018 Oct. 24